ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پاکستان کے ایک درگاہ میں خودکش دھماکہ؛ 76 سےزائد زائرین ہلاک؛ سینکڑوں زخمی

پاکستان کے ایک درگاہ میں خودکش دھماکہ؛ 76 سےزائد زائرین ہلاک؛ سینکڑوں زخمی

Fri, 17 Feb 2017 07:34:39    S.O. News Service

کراچی 16/فروری (ایس اونیوز/ایجنسی) پاکستان کےسندھ کے علاقے سیہون شریف میں واقع تیرہویں صدی کے مشہور صوفی بزرگ درگاہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے احاطے میں ہونے والے خود کش دھماکے کے نتیجے میں 76 سے زائد زائرین شہید ہوگئے جبکہ ڈھائی سو سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ مرنےوا لوں میں 43مرد، 9 خواتین اور 20 بچے شامل ہیں۔  تفصیلات کے مطابق دھماکہ اُس وقت ہوا جب مزار میں دھمال جاری تھا اور اس کے احاطے میں سیکڑوں لوگ موجود تھے، دھماکا انتہائی زور دار تھا۔دھماکے  کے فوراً بعد  پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ۔

پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی چھان بین سے معلوم ہوا ہے کہ  دھماکا خودکش تھا اور حملہ آور گولڈن گیٹ سے مزار کے احاطے میں داخل ہوا۔دھماکے کے وقت سیکڑوں لوگ مزار کے احاطے میں موجود تھے ۔ دھماکے کے بعد مزار کے احاطے کو عوام کے لیے بند کردیا گیا اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔

حادثے کے فوری بعد سیہون کے قریبی تمام علاقوں سے ایمبولینسیں بلوالی گئی اور زخمیوں کو فوری طور پر مختلف اسپتالوں میں روانہ کیا گیا۔آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بعد میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا مزار کے اندر ہوا، خود کش حملہ آور درگاہ کے گولڈن گیٹ سے داخل ہوا، جس وقت دھماکا ہوا لوگوں کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔ 

ذرائع کے مطابقجمعرات کو مزار پر عموماً معمول سے زیادہ رش ہوتا ہے، دھماکے کے وقت زائرین بڑی تعداد میں موجود تھے، دھماکا ہوتے ہی بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں بھی کئی افراد زخمی ہوئے، جبکہ مزار کے احاطے میں آگ بھی لگ گئی۔

بتایا گیا ہے کہ مزار کے قریب کسی بھی قسم کے اسپتال کی سہولت میسر نہ ہونے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد نہ مل سکنے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔


Share: